کاروار :27؍اپریل (ایس اؤ نیوز ) ریاستی اسمبلی کے انتخابات کا اعلان اور ضابطہ اخلاق کونافذہوئے 28دن ہورہے ہیں۔ اس دوران انتخابی بدعنوانیوں کو روکنے کےلئے مختلف مقامات پر تشکیل دئیے گئے چک پوسٹوں پر نقد رقم، شراب، نشیلی اشیاء ، مفت عطیہ جات، سپلائی کےلئے استعمال کی گئی سواریوں سمیت کل 3،49،75،404روپئے مالیت کی ملکیت ضبط کی گئی ہے۔ اس میں 52،70،681روپئے نقد بھی شامل ہے۔
سرکاری حکام کی طرف سے ضبط شدہ مال میں کروڑوں روپئے کی شراب ، لاکھوں روپئے مالیت کے ڈرگس، لاکھوں روپئے مالیت کی ساریاں اور نقد رقم شامل ہے۔ شریفوں کے شہر سے معروف سرسی علاقےمیں ہی سب سے زیادہ شراب اور نشیلی اشیاء کا ضبط ہونا تشویشناک ہے۔
52.70لاکھ نقد رقم ضبط :29مارچ سے 23اپریل تک اترکنڑا ضلع کے ہلیال حلقہ میں 28،62،066روپئے ۔ کاروار حلقہ میں 20،65،000 روپئے۔ بھٹکل حلقہ میں 17،76،599روپئے ۔ سرسی حلقہ میں 3،10،000روپئے ۔ یلاپور حلقہ میں 13،75،000 روپئے سمیت کل 83،88،665روپئے ضبط کرلئے گئے ۔ جانچ کے بعد کل رقم میں سے 31،17،984روپئے واپس کئے گئے اور بغیر دستاویزات کے سپلائی کئےجارہے 52،70،681روپئے افسران کی تحویل میں ہیں اور عدالتی حکم کے مطابق متعلقہ رقم سرکاری خزانے میں رکھی گئی ہے۔ سرسی حلقہ سے ضبط کی گئی 3،10،000روپئے نقد لوٹائے جانے اور کمٹہ میں ابھی تک ایک روپیہ بھی ضبط نہیں کیاجانا خاص مانا جارہاہے۔
1.87کروڑروپئے مالیت کی اشیاء ضبط :رائےدہندگان کو رجھانے اور انہیں بہلانے کے لئے مختلف نوعیت کے مفت تحفہ جات کو تقسیم کرنے کا مقصد لےکر شراب، نشیلی اشیاء ، کپڑے، ساریاں سمیت انہیں سپلائی کے لئے استعمال کی گئیں لاریاں، کنٹنیر، کار، بائک، بوٹ، بوٹ انجن، موبائیل، سائیکل سمیت ضلع بھر سے 394قسم کے چیزوں کو ضبط کرلیاگیا ہے۔ جس کی اندازاً مالیت 1،87،80،067 روپئے بتائی گئی ہے۔ اس میں خاص کر 1،35،000روپئے کی ساریوں کوضبط کرنا قابل غور ہے۔
1.08کروڑروپئے کی شراب ضبط : ضابطہ اخلاق نفاذ کے دن سے 23اپریل تک ہلیال میں 454.67 لیٹر، کاروار میں 6،676.34 لیٹر، کمٹہ میں 16،621.07 لیٹر، سرسی میں 23,626.51لیٹر، یلاپور میں 1528.66لیٹر سمیت کل 49،488.998لیٹر شراب ضبط کی گئی ہے۔ جس کی اندازاً قیمت 1،08،12،156روپئے لگائی گئی ہے۔ ضلع میں سب سے زیادہ 23،626.51لیٹر شراب سرسی میں ضبط کیا جانا اہم مانا گیا ہے۔
3.494 کلوگرام نشیلی اشیاء ضبط :ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے بعد سے لے کر اب تک کاروار میں 0.994کے جی ، سرسی میں 1.91کے جی، یلاپور میں 0.41کے جی سمیت ضلع بھر میں کل 3.494کے جی نشیلی اشیاء ضبط کرلی گئی ہیں۔ جس کی اندازاً 1،12،500روپئے مالیت بتائی گئی ہے۔ سرسی میں سب سے زیادہ یعنی 1.91کے جی نشیلی چیزوں کو ضبط کیاگیا ہے۔ جب کہ ہلیال، کمٹہ اور بھٹکل میں کوئی نشیلی اشیاء ضبط کئےجانے کی اطلاعات نہیں ہیں۔